معاشرے کے انمول لوگ
اس معاشرے میں جہاں ہم رہتے ہیں، ہمارا واسطہ طرح طرح کے لوگوں سے پڑتا ہے جن کی عادات و خصائل، طبیعت، مزاج یا فطرت یکساں نہیں ہوتی۔ ہر انسان فطرت اور مزاج کے حوالے سے مختلف ہوتا ہے۔ اور اس کے مزاج کی تشکیل میں ماحول، حالات، تربیت اور پیش آنے والے واقعات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہی ان کا کردار بناتے ہیں اور پھر یہی ان کی فطرت بن جاتی ہے۔ آج ہم معاشرے کے کچھ ایسے انمول لوگوں کے رویوں کو زیرِ بحث لائیں گے جن کی نفسیات تبدیلی کو بڑی ہی مشکل سے قبول کر پاتی ہے۔ تبدیلی سے مراد یہ ہے کہ اگر ان کو اور کسی دوسرے عام انسانوں کو ایک جیسے حالات، واقعات اور حادثات سے گزارا جائے تو ان کا ردعمل دوسروں سے بہت زیادہ مختلف ہوتا ہے۔عام طور پر بعض لوگ ایسے حالات کے زیرِ اثر اسی طرح کا ردعمل دینے لگتے ہیں اور خود بھی ویسا ہی رویہ اختیار کر لیتے ہیں جیسا ان کے ساتھ روا رکھا گیا ہوتا ہے۔ لیکن یہ انمول اور نایاب لوگ ایسے واقعات کو بڑے ہی تحمل اور صبر سے نہ صرف پیش آتے ہیں، بلکہ خود کو بھی اس حد تک ان میں ملوث کرنا ان کے لیے میرے خیال سے ناممکن ہوتا ہے۔
اچھے لوگ کیوں نہیں بدلتے
اچھے لوگ کبھی بھی اپنے آپ کو نہیں بدل پاتے۔ وہ کبھی ویسا برتاؤ نہیں کر پاتے جیسا ان کے ساتھ کیا گیا ہوتا ہے۔ کیونکہ ان کی فطرت ایسی ہوتی ہی نہیں۔ وہ کوشش کریں بھی تو وہ "وہ" نہیں بن پاتے جو اس دنیا کا چلن ہے۔ کیونکہ ان کی فطرت ان کا پیچھا کبھی نہیں چھوڑتی۔
ان کی یادیں، ان کا ضمیر، ان کی شخصیت اور ان کی تربیت مل کر انہیں ایک منفرد انسان بناتے ہیں۔اور یہی بنیادی چیزیں ہی کسی انسان کا کردار بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔کردار دراصل تربیت سوچ نظریات اور اخلاقی اقدار کے مجموعے کو کہتے ہیں ۔
لوگ ان کی نرم مزاجی کو ان کی کمزوری سمجھتے ہیں اور ان کی اسی کمزوری یا نرمی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
فطرت، کردار اور عادات
ہر انسان اچھائی پر پیدا ہوتا ہے۔ اچھائی یا برائی فطرت میں شامل نہیں ہوتی، لیکن بعد میں فطرت بن جاتی ہے۔
فطرت وہ ہے جس پر قدرت کسی بھی انسان کو پیدا کرتی ہے۔ اور فطرت ہمیشہ اچھی اور نیک ہوتی ہے۔ اسی لیے فطرت پر کچھ عوامل یا عناصر ہوتے ہیں جو اثر انداز ہوتے ہیں اور بعد میں فطرت انہی عوامل کے زیر اثر تبدیل ہو جاتی ہے۔
اسے بدلنے والے عوامل اور عناصر مختلف ہوتے ہیں۔ زیادہ تر یہ عناصر حادثات اور واقعات ہوتے ہیں۔ کچھ انسانی رویے ہوتے ہیں جو ان پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ماحول، تربیت اور معاشرہ یہ سب سے اہم ہوتے ہیں کسی بھی انسان کی فطرت بنانے میں۔ کسی بھی انسان کی فطرت میں اچھائی یا برائی ان عوامل اور عناصر کے باعث شامل ہوتی ہے۔ اور پھر یہی اچھائی یا برائی آہستہ آہستہ اس کے باطن اور روح میں رچ بس جاتی ہے۔
نظر انداز کرنے کی حکمت
وہ سب کچھ سمجھنے اور جاننے کے باوجود دوسروں کے برے رویوں کو نظر انداز کرتے ہیں، کیونکہ انہیں امید ہوتی ہے کہ کبھی نہ کبھی سامنے والے کو ان کی اچھائی کا احساس ہوگا اور شاید وہ بدل جائے۔
اور کیونکہ یہ اچھائی ان کی سرشت میں، ان کی روح میں اور باطن میں رچ بس چکی ہوتی ہے، اسی لیے بدلاؤ ان کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔
اسی لیے وہ ان رویوں کو نظر انداز کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور بجائے خود کو بدلنے کے وہ دوسروں کو بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اسی لیے ان کے حصے میں زیادہ تر ایسے ہی رویے اور ایسی ہی تکلیفیں آتی ہیں۔
اسی طرح جو لوگ ان جیسے خالص لوگوں کے ساتھ برے رویے اختیار کرتے ہیں، وہ اصل میں اپنا نقصان کرتے ہیں۔ اور ان کی نفسیات بھی یہی ہوتی ہے کہ برائی ان میں رچ بس چکی ہوتی ہے۔ ان کا بدلنا ناممکن تو نہیں، لیکن مشکل ضرور ہوتا ہے۔

Westworld: ایک دلچسپ مثال
ایک سائنس فکشن سیریز دیکھی جس میں انسان اور اے آئی کو دکھایا گیا ہے۔ ایک ایسا مفروضہ کہ کیا کبھی اے آئی خود سے سوچ سکے گی، اپنے فیصلے خود کر پائے گی، اور کیا اسے اس کی آزادی ہونی چاہیے؟ یعنی جیسے انسانوں کو فری ول یعنی انتخاب کا اختیار دیا گیا ہے، اسی طرح اگر مصنوعی ذہانت کو انتخاب کا اختیار مل جائے۔ بہرحال یہ ایک علیحدہ بحث ہے۔ Westworld نامی اس سیریز میں دو کردار بڑے ہی دلچسپ ہیں جن کی کہانی کا ایک حصہ خاص طور پر ہمارے اس مضمون سے جڑتا ہے۔ ان دو کرداروں کے نام ڈولورس اور ٹیڈی تھے۔
ٹیڈی کا کردار
ٹیڈی ایک ایسا کردار تھا جس کی پروگرامنگ میں اچھائی رکھی گئی تھی۔ حساسیت رکھی گئی تھی۔ اور جس کی فطرت کی نرمی، اچھائی اس کی کمزوری بن جاتی ہے۔ پھر کہانی میں ایک اہم موڑ آتا ہے جہاں ان کا تخلیق کار ان مصنوعی ذہانت کرداروں پر ایک تجربہ کرتا ہے۔ وہ انہیں فیصلے اور انتخاب کی آزادی دیتا ہے۔ تب ایک کردار یعنی ڈولورس، اس دوسرے کردار یعنی ٹیڈی کی ساری پروگرامنگ بدل کر اسے ایک درندے میں تبدیل کر دیتی ہے۔ اب ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ وہ ایک درندے کا روپ دھار لیتا اور اپنی پروگرامنگ کے تحت چلتا، لیکن چونکہ اس کی میموری میں پچھلی زندگی کی کچھ یادیں محفوظ ہوتی ہیں اور وہ جانتا ہے کہ اسے بدلا گیا۔ تو وہ اپنی فطرت سے کبھی پیچھا نہیں چھوڑ پاتا اور آخر کار اس کی اچھائی جیت جاتی ہے اور وہ اپنی جان خود لے لیتا ہے۔
اس کہانی سے ہمیں یہ سیکھنے کو ملتا ہے کہ انسانی رویے بہت عجیب اور پیچیدہ ہیں۔ اور جب انہی انسانی رویوں کو ایک روبوٹ میں کاپی کیا گیا تو یہ حیرت کی بات نہیں کہ اس مشین نے بھی بالکل ویسا ہی ردعمل دیا جیسا کہ ایک اچھا اور حساس انسان دے پاتا۔
Frequently Asked Questions
اچھے لوگ کیوں نہیں بدلتے؟
ان کی فطرت، ضمیر اور تربیت انہیں بدلنے نہیں دیتی۔ وہ ظلم کے جواب میں ظالم نہیں بنتے اور اپنی اصل اچھائی پر قائم رہتے ہیں۔
کیا ماحول اور حالات انسان کی فطرت بدل سکتے ہیں؟
ماحول، تربیت اور واقعات انسان کے کردار کو متاثر کرتے ہیں، لیکن اچھے لوگوں کی بنیادی فطرت ضمیر کی آواز پر لوٹ آتی ہے۔
Westworld سیریز کا اس مضمون سے کیا تعلق ہے؟
Westworld میں ٹیڈی کا کردار دکھاتا ہے کہ اچھائی اور حساسیت پروگرامنگ میں رچ بس جانے کے بعد بھی ختم نہیں ہوتی۔ وہ بدلنے کے باوجود اپنی اصل فطرت پر لوٹ آتا ہے۔
کیا اچھے لوگ کبھی غصے میں آ سکتے ہیں؟
جی ہاں، وقتی طور پر وہ ردعمل دے سکتے ہیں، لیکن ان کا ضمیر انہیں زیادہ دیر تک برے رویے پر قائم نہیں رہنے دیتا۔
✅ Conclusion: ضمیر کی فتح

اسی لیے اگر ایک اچھا انسان کسی حادثے اور واقعے کے باعث وقتی طور پر اپنی فطرت سے ہٹ کر کبھی ردعمل بھی دے اور اپنی اچھائی کو چھوڑ دے، تو بھی اس کی فطرت اور اس کا ضمیر ہمیشہ اس کا پیچھا کرتے ہیں۔ اور وہ زیادہ دیر اپنے ضمیر سے فرار حاصل نہیں کر پاتا،اور یہی وجہ ہے کہ وہ جلد یا بدیر اپنی اس روش کو بدلنے کی کوشش کرتا ہے۔








Comments 0
Sign in to join the conversation.
No comments yet. Be the first to say something.