تحریر:سیدہ مناحل راحیل
بچہ جب پیدا ہوتا ہے تو اسے دنیا کی کوئی خبر نہیں ہوتی۔ اسے نہیں پتہ ہوتا کہ پیسہ کیا ہے، لڑائی کیا ہے، نفرت کیا ہے۔ اس کی پوری دنیا صرف اس کے ماں باپ ہوتے ہیں۔ وہ ماں کی گود میں سکون ڈھونڈتا ہے، باپ کے سائے میں تحفظ محسوس کرتا ہے۔ اس کے لیے اس کا گھر ہی اس کی جنت ہوتی ہے۔
مگر سوچیں جب اسی جنت میں ہر روز لڑائی ہونے لگے، جب ماں باپ ایک دوسرے پر چیخنے لگیں، طعنے دینے لگیں، دروازے زور سے بند ہونے لگیں، تو اس ننھے سے دل پر کیا گزرتی ہوگی۔
اس کے دل پر ہر لڑائی کا ایک زخم لگ جاتا ہے۔ یہ زخم نظر نہیں آتا، مگر یہ زخم اس کی ساری زندگی ساتھ چلتا ہے۔
بچہ لڑائی کو کیسے محسوس کرتا ہے؟
جب ماں باپ لڑتے ہیں تو بچہ یہ نہیں سوچتا کہ غلطی کس کی ہے۔ وہ یہ نہیں سوچتا کہ مسئلہ پیسوں کا ہے یا رشتہ داروں کا ہے۔ وہ صرف یہ سوچتا ہے کہ کہیں میرے ماں باپ الگ تو نہیں ہو جائیں گے؟ کہیں میرا گھر ٹوٹ تو نہیں جائے گا؟ کہیں میں اکیلا تو نہیں رہ جاؤں گا؟
بچے کے لیے ماں باپ کی لڑائی کسی زلزلے سے کم نہیں ہوتی۔ اس کا دل زور زور سے دھڑکنے لگتا ہے، ہاتھ کانپنے لگتے ہیں، وہ کبھی کونے میں چھپ جاتا ہے، کبھی کان بند کر لیتا ہے، کبھی زور سے رونے لگتا ہے، اور کبھی بالکل خاموش ہو کر ایک جگہ بیٹھ جاتا ہے۔
ہم کہتے ہیں، جاؤ اپنے کمرے میں جاؤ، یہ بڑوں کی بات ہے۔ مگر بچہ کمرے میں جا کر بھی سکون سے نہیں بیٹھتا۔ وہ دروازے کے پیچھے کھڑا ہو کر سب سن رہا ہوتا ہے۔ اسے لگتا ہے کہ شاید یہ لڑائی میری وجہ سے ہو رہی ہے، شاید میں نے کوئی غلطی کر دی ہے۔
ایک بچے کی کہانی:
ایک 9 سال کا بچہ تھا، بہت ہنس مکھ، سب سے بات کرنے والا۔ پھر اس کے ماں باپ میں روز لڑائی ہونے لگی۔ باپ رات کو غصے میں آتا، ماں جواب دیتی، بات بڑھتی اور لڑائی شروع ہو جاتی۔ وہ بچہ پہلے اپنے کمرے میں جا کر روتا تھا، پھر اس نے رونا بھی چھوڑ دیا۔ وہ سکول میں خاموش رہنے لگا، دوستوں سے دور رہنے لگا، کھیلنا چھوڑ دیا۔ استاد نے شکایت کی، گھر والوں نے ڈانٹا، مگر کسی نے یہ نہیں پوچھا کہ بیٹا تمہیں کس بات نے اتنا خاموش کر دیا ہے؟
یہی ہمارا مسئلہ ہے ۔ ہم بچے کے نمبر دیکھتے ہیں، اس کے کپڑے دیکھتے ہیں، اس کا کھانا دیکھتے ہیں، مگر اس کا دل نہیں دیکھتے۔ ہم یہ نہیں دیکھتے کہ اس کے دل کے اندر کیا طوفان چل رہا ہے۔
والدین کی لڑائیوں سے بچے کی شخصیت پر کیا اثر پڑتا ہے؟
1. بچہ ڈرپوک ہو جاتا ہے:
جو بچہ روز لڑائی دیکھتا ہے، وہ ہر وقت ڈرا رہا رہتا ہے۔ اسے ہر اونچی آواز سے ڈر لگتا ہے، ہر بات پر گھبرا جاتا ہے۔ سکول میں بھی وہ ڈرا ڈرا رہتا ہے، کسی سے بات نہیں کرتا، سوال نہیں پوچھتا، کیونکہ اسے لگتا ہے کہیں پھر سے لڑائی نہ ہو جائے۔ اس کا اعتماد بالکل ختم ہو جاتا ہے۔

2. بچہ غصے والا ہو جاتا ہے:
کچھ بچے اپنے ڈر کو غصے میں بدل دیتے ہیں۔ وہ چھوٹی چھوٹی بات پر چیخنے لگتے ہیں، چیزیں توڑنے لگتے ہیں، دوستوں کو مارنے لگتے ہیں، بہن بھائیوں سے لڑتے رہتے ہیں۔ کیونکہ انہوں نے گھر میں یہی سیکھا ہوتا ہے کہ مسئلے کا حل چیخنا اور لڑنا ہے۔ انہیں لگتا ہے جو زیادہ چیخے گا وہی جیتے گا۔
3. بچہ خاموش اور اکیلا ہو جاتا ہے:
کچھ بچے اتنے ٹوٹ جاتے ہیں کہ وہ بالکل خاموش ہو جاتے ہیں۔ وہ کسی سے بات نہیں کرتے، اکیلے بیٹھے رہتے ہیں، ہر وقت اداس رہتے ہیں۔ یہی خاموشی آگے جا کر ڈپریشن اور اینگزائٹی بن جاتی ہے۔ ایسا بچہ بڑا ہو کر بھی کسی پر بھروسہ نہیں کر پاتا۔
4. پڑھائی میں دل نہیں لگتا:
جس بچے کے ذہن میں ہر وقت گھر کی لڑائی چل رہی ہو، وہ پڑھائی میں کیسے دل لگائے گا؟ اسے کتاب میں بھی ماں باپ کی چیخیں سنائی دیتی ہیں۔ اس کا دماغ ہر وقت اسی سوچ میں رہتا ہے کہ آج گھر جا کر پھر لڑائی ہوگی یا نہیں۔ اس لیے ایسے بچوں کے نمبر گرنے لگتے ہیں، اور ماں باپ پھر اسی بچے کو ڈانٹتے ہیں۔
5. رشتوں پر بھروسہ ختم ہو جاتا ہے:
جو بچہ بچپن میں ماں باپ کو لڑتے دیکھتا ہے، وہ بڑا ہو کر محبت پر یقین نہیں کرتا۔ اسے لگتا ہے کہ شادی کا مطلب ہی لڑائی ہے، رشتے کا مطلب ہی دکھ ہے۔ اس لیے وہ یا تو شادی سے ڈرنے لگتا ہے، یا شادی کے بعد خود بھی ہر چھوٹی بات پر لڑنے لگتا ہے۔
6. بچہ بڑا ہو کر وہی دہراتا ہے:
کچھ بچے اپنے ڈر کو غصے میں بدل دیتے ہیں۔ وہ چھوٹی چھوٹی بات پر چیخنے لگتے ہیں، چیزیں توڑنے لگتے ہیں، دوستوں کو مارنے لگتے ہیں، بہن بھائیوں سے لڑتے رہتے ہیں۔ کیونکہ انہوں نے گھر میں یہی سیکھا ہوتا ہے کہ مسئلے کا حل چیخنا اور لڑنا ہے۔ انہیں لگتا ہے جو زیادہ چیخے گا وہی جیتے گا۔
بچے کو کیا چاہیے؟
بچے کو مہنگے کھلونے نہیں چاہیے، اسے بڑا گھر نہیں چاہیے، اسے مہنگے کپڑے نہیں چاہیے۔ بچے کو صرف ایک پر سکون گھر چاہیے، جہاں ماں باپ ہنستے ہوئے بات کرتے ہوں، جہاں اسے ڈر نہ لگے، جہاں اسے پیار ملے، جہاں اسے یہ یقین ہو کہ میرے ماں باپ مجھ سے محبت کرتے ہیں اور کبھی الگ نہیں ہوں گے۔
اگر تم اپنے بچے کو کچھ نہیں دے سکتے تو اسے سکون دے دو، یہی اس کے لیے سب سے بڑی دولت ہے۔
حل کیا ہے؟ ماں باپ کیا کریں؟
1. بچے کے سامنے کبھی نہ لڑیں:
اگر کوئی بات بری لگی ہے تو بچے کے سامنے نہیں، اکیلے میں بات کریں۔ بچہ تمہاری لڑائی کا تماشائی نہیں ہے۔
2. بچے کو بیچ میں نہ لائیں:
کبھی یہ مت کہو، دیکھو تمہارے باپ نے کیا کیا، یا تمہاری ماں ایسی ہے۔ بچہ دونوں کا ہے، اسے کسی ایک کا طرفدار مت بناؤ۔
3. لڑائی کے بعد بچے کو پیار دیں:
اگر کبھی غلطی سے بچے کے سامنے لڑائی ہو جائے تو بعد میں بچے کو گلے لگاؤ، اس سے کہو بیٹا سب ٹھیک ہے، ہم تم سے بہت پیار کرتے ہیں، ہماری لڑائی تمہاری وجہ سے نہیں ہوئی۔ یہ ایک جملہ بچے کے دل کا سارا خوف ختم کر دیتا ہے
4. بچے کی بات سنییں:
اگر بچہ ڈرا ہوا ہے، خاموش ہے، تو اسے ڈانٹو نہیں، اس سے پوچھو بیٹا تمہیں کیا ڈر لگ رہا ہے؟ بچے کو لگنا چاہیے کہ کوئی اسے سننے والا ہے۔
5. خود کو بدلیں:
اختلاف سب کے ہوتے ہیں، مگر ان کا حل چیخنا نہیں، پیار سے بات کرنا ہے۔ جب گھر میں سکون ہوتا ہے، تو بچہ بھی خوش رہتا ہے اور رشتہ بھی مضبوط رہتا ہے ۔
آخری بات:
یاد رکھو بچے کے سامنے لڑنا صرف ایک لڑائی نہیں ہوتی، یہ اس کی پوری شخصیت کو توڑ دیتی ہے۔ آج تم ایک لمحے کا غصہ نکال کر بچے کی ساری زندگی خراب کر دیتے ہو۔
اگر اپنے بچے سے سچی محبت کرتے ہو تو اس کے سامنے کبھی مت لڑو۔ آج سے وعدہ کرو، بچے کے سامنے نہیں لڑیں گے۔ کیونکہ بچے کا بچپن ایک بار جاتا ہے، دوبارہ نہیں آتا۔ اسے خوف میں نہیں، محبت میں گزارنے دو۔
آج اپنے بچے کو گلے لگاؤ، اس سے پوچھو بیٹا تم خوش ہو؟ ہو سکتا ہے وہ اسی ایک سوال کا برسوں سے انتظار کر رہا ہو۔ بچے کو بچپن دو، خوف نہیں۔ پیار دو، ڈر نہیں۔ کیونکہ آج کا خوش بچہ ہی کل کا مضبوط اور کامیاب انسان بنے گا۔










Comments 0
Sign in to join the conversation.
No comments yet. Be the first to say something.