کبھی کبھی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے جب لگتا ہے سب کچھ ختم ہو گیا۔ جن لوگوں پر سب سے زیادہ بھروسہ ہوتا ہے، وہی سب سے پہلے چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔ جن کو اپنا سمجھتے ہیں ، وہی اجنبی بن جاتے ہیں۔ جن کے لیے راتیں جاگ کر دعائیں مانگتے ہیں، وہی ایک دن بنا بتائے دور ہو جاتے ہیں۔اور پھر دل میں ایک ہی سوال رہتا ہے۔ میری کیا غلطی تھی؟ میں نے تو سب کچھ دل سے کیا تھا۔ پھر میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوا؟ اگر تم اس وقت اسی درد سے گزر رہے ہو، تو یہ صرف تمہارے لیے ہے۔ کیونکہ اس درد سے بہت سے لوگ گزرتے ہیں۔ اور اس درد سے نکلنے کا راستہ بھی صرف ایک ہی ہے۔
جب لوگ چھوڑ جاتے ہیں۔
لوگوں کا چھوڑ کر چلے جانا، یہ دنیا کا سب سے پرانا دستور ہے۔ آج جو تمہارے ساتھ ہیں، ہو سکتا ہے کل وہ تمہارے ساتھ نہ ہوں۔ آج جو تمہاری ہر بات سنتے ہیں، کل وہ تمہارا نام تک بھول جائیں ۔ ہم اکثر اس غلط فہمی میں جیتے ہیں کہ لوگ ہمیشہ رہیں گے۔ دوست ہمیشہ رہیں گے۔ رشتہ دار ہمیشہ ساتھ دیں گے۔ اپنے کبھی دور نہیں ہوں گے۔ لیکن وقت جب کروٹ بدلتا ہے، تو چہرے بدل جاتے ہیں۔ اور سب سے زیادہ تکلیف تب ہوتی ہے جب چھوڑنے والا کوئی غیر نہیں، اپنا ہوتا ہے۔ غیر کے چھوڑ جانے سے اتنا دکھ نہیں ہوتا، جتنا اپنے کے چھوڑ جانے سے ہوتا ہے۔ کیونکہ غیر سے امید ہی نہیں ہوتی۔ اپنوں سے ہوتی ہے۔
تم نے بھی تو امید لگائی تھی نا؟ تم نے بھی تو سوچا تھا کہ تمہارے آس پاس کے لوگ کبھی نہیں بدلیں گے۔ دوست کبھی دور نہیں ہونگے۔ یہ رشتہ کبھی نہیں ٹوٹے گا۔ لیکن منظربہت حد تک بدل گیا۔لوگ ویسے نہیں رہے، رشتہ داروں نے منہ پھیر لیا، دوست ساتھ نہیں رہے سب اپنی اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہو گئے۔کوئی بہت ہی قریبی چاہننے والا بدل گیا۔ اور اب دل میں ایک خالی پن ہے۔ کہیں نہ کہیں اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔ لوگو ں کے اصلی چہرے عیاں ہو گئے۔دل بوجھل ہے اور ہر وقت ایک ہی بات ذہن میں گھومتی ہے۔ کیوں؟ میرے ساتھ ہی کیوں؟تو یہ کیوں کا جواب لوگوں کے پاس نہیں ہے۔ یہ جواب صرف اللہ کے پاس ہے۔ اور وہ جواب تمہیں تب ملے گا جب تم لوگوں سے نظر ہٹا کر اللہ کی طرف دیکھو گے۔

تنہائی میں اللہ سب سے قریب ہوتا ہے۔
ہم تنہائی سے ڈرتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے تنہائی سزا ہے۔ لیکن سچ یہ ہے کہ تنہائی سزا نہیں، اللہ کا بلاوا ہے۔جب سب لوگ تمہارے پاس ہوتے ہیں، تب تم اللہ کو بھول جاتے ہو۔ تمہیں لوگوں کی باتیں یاد رہتی ہیں، لوگوں کی خوشی یاد رہتی ہے، لوگوں کا ساتھ یاد رہتا ہے۔ اللہ پیچھے رہ جاتا ہے۔ لیکن جب سب چھوڑ جاتے ہیں، جب کوئی سننے والا نہیں رہتا، جب کوئی سمجھنے والا نہیں رہتا، تب دل خود بخود اللہ کی طرف پلٹتا ہے۔ تب جا کر سجدے لمبے ہوتے ہیں۔ تب جا کر دعائیں دل سے نکلتی ہیں۔ تب جا کر آنکھوں میں آنسو آتے ہیں، جو صرف اللہ کے لیے ہوتے ہیں۔ کیا تم نے کبھی محسوس کیا ہے؟ جب تم اکیلے کمرے میں رو رہے ہوتے ہو، تو ایسا لگتا ہے جیسے کوئی تمہیں سن رہا ہے۔ کوئی تمہارے آنسو دیکھ رہا ہے۔ کوئی تمہارے دل کا حال جان رہا ہے۔ وہ کوئی اور نہیں، اللہ ہے۔ اللہ قرآن میں کہتا ہے، میں تمہاری شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہوں۔ مطلب جب دنیا تم سے دور ہو جاتی ہے، تب بھی اللہ تم سے دور نہیں ہوتا۔ وہ تب بھی تمہارے پاس ہوتا ہے۔ وہ تب بھی تمہیں دیکھ رہا ہوتا ہے۔
اس لیے تنہائی سے گھبراؤ مت۔ اس تنہائی کو اپنی طاقت بناؤ۔ اس تنہائی میں اللہ سے باتیں کرو۔ جو بات تم کسی انسان کو نہیں بتا سکتے، وہ اللہ کو بتا دو۔ وہ سنے گا بھی، سمجھے گا بھی، اور جواب بھی دے گا۔ کبھی دعا کی شکل میں، کبھی سکون کی شکل میں، کبھی بہتر لوگوں کی شکل میں۔
لوگوں سے امید کیوں نہیں رکھنی چاہیے؟
ہمارا سب سے بڑا دکھ ہی یہی ہے کہ ہم لوگوں سے امید لگا لیتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں لوگ ہمیں سمجھیں۔ لوگ ہماری قدر کریں۔ لوگ ہمارے لیے ویسا ہی کریں جیسا ہم ان کے لیے کرتے ہیں۔ لیکن لوگ ایسے نہیں ہوتے۔ لوگ بھول جاتے ہیں۔ لوگ بدل جاتے ہیں۔ لوگ اپنے مطلب کے لیے یاد کرتے ہیں، اور مطلب ختم ہونے پر بھول جاتے ہیں۔ یہ ان کی فطرت ہے۔ اس میں ان کا قصور بھی نہیں، یہ دنیا ہی ایسی ہے۔ جس سے تم امید لگاؤ گے، وہی تمہیں توڑے گا۔ کیونکہ انسان کبھی بھی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکتا۔ انسان خود ادھورا ہے۔ وہ تمہیں کیا پورا کرے گا؟ اس لیے اپنی امیدیں لوگوں سے ہٹا لو۔ امید صرف اللہ سے لگاؤ۔ کیونکہ اللہ کبھی نہیں بدلتا۔ اللہ کبھی نہیں بھولتا۔ اللہ کبھی چھوڑ کر نہیں جاتا۔
لوگ تمہیں ایک بار یاد کر کے بھول جائیں گے، لیکن اللہ تمہیں ہر وقت یاد رکھتا ہے۔ لوگ تمہاری ایک غلطی پر تمہیں چھوڑ دیں گے، لیکن اللہ تمہاری ہزار غلطیوں کے بعد بھی تمہیں معاف کرنے کے لیے تیار رہتا ہے۔ لوگ تمہارے آنسو پر ہنس دیں گے، لیکن اللہ تمہارے ایک آنسو پر بھی تمہیں سکون دے دے گا۔ جب تم اپنی امید اللہ سے لگا لو گے، تو پھر لوگوں کے چھوڑ جانے سے فرق نہیں پڑے گا۔ کیونکہ تمہیں پتا ہوگا، میرا اللہ تو میرے ساتھ ہے۔ باقی سب آئیں جائیں، کوئی فرق نہیں پڑتا۔

دل کا ٹوٹنا بھی ضروری تھا۔
شاید تمہیں یہ بات ابھی سمجھ نہ آئے، لیکن ایک دن آئے گا جب تم سمجھو گے کہ دل کا ٹوٹنا بھی ضروری تھا۔ اگر دل نہ ٹوٹتا، تو تم اللہ کی طرف پلٹتے ہی کیوں؟ اگر لوگ نہ چھوڑتے، تو تم اللہ کو یاد ہی کیوں کرتے؟ اگر سب کچھ ٹھیک رہتا، تو تم اسی دنیا میں کھوئے رہتے۔ دل کا ٹوٹنا، اصل میں دل کا جڑنا ہے۔ اللہ سے جڑنا ہے۔ جب دل لوگوں سے ٹوٹتا ہے، تب ہی اللہ سے جڑتا ہے۔ جب دل دنیا سے ٹوٹتا ہے، تب ہی آخرت سے جڑتا ہے۔ سوچو، اگر تمہارا دل نہ ٹوٹتا، ۔ تم اپنی دنیا میں مست ہوتے۔ لیکن اللہ کو تمہیں اپنے قریب کرنا تھا، اس لیے اس نے تمہارا دل توڑ دیا۔ تاکہ تم لوگوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے، اس کے پیچھے بھاگو۔ تاکہ تم لوگوں سے مانگنے کے بجائے، اس سے مانگو۔ اس لیے اس ٹوٹنے کو اپنی ہار مت سمجھو۔ اس کو اپنی جیت سمجھو۔ کیونکہ جو دل اللہ کے لیے ٹوٹتا ہے، اللہ اس کو کبھی خالی نہیں چھوڑتا۔ وہ اس کو اپنے نور سے بھر دیتا ہے۔ وہ اس کو ایسا سکون دیتا ہے، جو دنیا کا کوئی انسان نہیں دے سکتا۔
اب آگے کیا کرنا ہے؟
اب تمہیں دو راستے نظر آ رہے ہوں گے۔ ایک راستہ ہے، اسی درد میں پڑے رہنا، روز اپنے خساروں کو یاد کرنا ، روز اس بات کو سوچنا جو ہو گئی۔ روز اپنے آپ کو کوسنا۔ اور دھیرے دھیرے اپنے آپ کو ختم کر دینا۔ دوسرا راستہ ہے، اٹھنا۔ وضو کرنا۔ جائے نماز بچھانا۔ اور اللہ کے سامنے بیٹھ جانا۔ اور کہہ دینا، یا اللہ، سب نے چھوڑ دیا، تو مت چھوڑنا۔ سب نے توڑ دیا، تو جوڑ دے۔ سب نے رلا دیا، تو ہنسا دے۔ تو پیارے ! دوسرا راستہ چن لو۔ پہلا راستہ صرف اندھیرا ہے۔ دوسرا راستہ روشنی ہے۔ رونا بند مت کرو، لیکن رونا اب لوگوں کے لیے نہیں، اللہ کے لیے روؤ۔ دعا مانگنا بند مت کرو، لیکن دعا اب لوگوں کے واپس آنے کی نہیں، اللہ کے قریب ہونے کی مانگو۔ یاد کرنا بند مت کرو، لیکن یاد اب ان کو نہیں، اللہ کو کرو۔
صبح اٹھ کر ایک کام کرو۔ اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر کہو، یا اللہ، میں تجھے اپنا سب کچھ سونپتا ہوں۔ میرا دل، میرا درد، سب تیرا۔ اب تو ہی سنبھال۔ اور پھر دیکھو، کیسے سکون آتا ہے۔ کیسے دل ہلکا ہو جاتا ہے۔ کیسے زندگی پھر سے خوبصورت لگنے لگتی ہے۔ لوگ چھوڑ جاتے ہیں، یہ سچ ہے۔ لیکن اللہ نہیں چھوڑتا، یہ اس سے بھی بڑا سچ ہے۔ اور جو اللہ کے ساتھ ہوتا ہے، وہ کبھی تنہا نہیں ہوتا۔ وہ کبھی ہارا ہوا نہیں ہوتا۔ وہ کبھی اکیلا نہیں ہوتا۔ آج تمہیں لگ رہا ہے سب ختم ہو گیا، کل تمہیں لگے گا سب شروع ہوا ہے۔ بس تھوڑا صبر کرو۔ بس اللہ پر بھروسہ رکھو۔ کیونکہ جس کا اللہ ہے، اس کا سب کچھ ہے۔









Comments 0
Sign in to join the conversation.
No comments yet. Be the first to say something.