نفسانی خواہشات اور اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے احکام
ہم جب بھی بت پرستی کا نام سنتے ہیں تو ہمارے ذہن میں فوراً مندر، پتھر کے مجسمے اور پرانی قوموں کا تصور آتا ہے۔ ہم شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم مسلمان ہیں اور ہم بتوں کو نہیں پوجتے۔ لیکن کبھی ہم نے رک کر یہ سوچا ہے کہ کیا واقعی ہم بت پرستی سے پاک ہیں؟ کیا بت صرف وہی ہوتا ہے جو پتھر کا بنا ہو اور کسی مندر میں رکھا ہو؟ یا بت وہ ہر چیز بھی ہو سکتی ہے جسے ہم اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے حکم سے زیادہ اہمیت دے دیں؟ اگر ہم ایمانداری سے اپنے دل میں جھانکیں تو ہمیں پتا چلے گا کہ نا جانے کتنی ہی باتیں جنہیں ہم نے اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے احکام سے اوپر رکھا ہوا ہے۔ہم سب نے ناجانے کتنے ہی اپنے اندر چھوٹے چھوٹے بت بنا رکھے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ پچھلی قوموں نے پتھر اور سونے کے بت بنا رکھے تھے ، اور ہم نے اپنے بت اپنی نفسانی خواہشات سے بنارکھا ہے۔
آج ہم دو عظیم واقعات کے تناظر میں یہ سمجھنے کی کوشش کریں گے کہ ہم کس طرح اپنی نفسانی خواہشات کو اللہ کے احکامات سے اوپر رکھتے ہیں، اور پھر جب ہمیں کوئی راستہ نظر نہیں آتا تو ہمارا رویہ کیا ہوتا ہے؟
بنی اسرائیل اور سونے کا بچھڑا
حضرت موسیٰ علیہ السلام اپنی قوم بنی اسرائیل کو فرعون کے ظلم سے نجات دلا کر لائے تھے۔ حضرت موسیٰؑ کی قوم نے اپنی آنکھوں سے اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے معجزے دیکھے تھے۔ سمندر کا پھٹنا، فرعون کا ڈوبنا، آسمان سے من و سلویٰ کا اترنا، یہ سب انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔مگر اس سب کے باوجود بھی ان کا رویہ کیا تھا؟جب حضرت موسیٰ علیہ السلام چالیس دن کے لیے کوہِ طور پر اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ سے ملاقات کے لیے گئے تو پیچھے قوم بے صبر ہو گئی۔ انہوں نے سامری سے کہا کہ ہمیں کوئی ایسا خدا چاہیے جسے ہم دیکھ سکیں، جسے ہم چھو سکیں۔ سامری نے ان کے سونے کے زیورات لے کر ایک بچھڑا بنا دیا۔ جب وہ بچھڑا آواز نکالنے لگا تو پوری قوم نے اسے سجدہ کر دیا۔حضرت ہارونؑ کے لاکھ منع کرنے کے باوجود بھی قوم اس سب سے باز نا آئی ۔ذرا سوچیے، جن لوگوں نے اللہ کو اپنی آنکھوں سے معجزے دکھاتے دیکھا تھا، وہ اتنی جلدی کیسے بھول گئے؟ اس کی وجہ صرف ایک تھی: ان کے نفس کی خواہش۔ اور وہ یہ تھی کہ خدا ایسا ہو جو ان کی مرضی کے مطابق ہو، جو ان کے سامنے ہو، جو ان کو نظر آئے ۔ انہوں نے اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے حکم یعنی صبر اور انتظار کو چھوڑ کر اپنی فوری خواہش کو اوپر رکھ لیا۔
یہی ہمارا پہلا سبق ہے۔ جب ہم صبر نہیں کرتے، جب ہم چاہتے ہیں کہ سب کچھ فوراً ہماری مرضی سے ہو جائے، تو ہم بھی اپنے لیے ایک بچھڑا بنا لیتے ہیں
حالانکہ ہمارے آس پاس حضرت ہارونؑ کی طرح کوئی نہ کوئی منع کرنے والا موجود ہوتا ہے مگر ہم ظاہری اور وقتی فائدے کی خاطر ابدی فائدہ بھول جاتےہیں۔

بار بار سوال کرنا اور بہانے بنانا
بنی اسرائیل کی دوسری بڑی کمزور ی یہ تھی کہ جب بھی انہیں اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کا کوئی حکم ملتا تو وہ اس پر عمل کرنے کے بجائے سوال کرنے لگتے تھے۔ قرآن میں سورۃ البقرہ کا واقعہ مشہور ہے۔ جب انہیں کہا گیا کہ ایک گائے ذبح کرو تو انہوں نے فوراً عمل نہیں کیا۔ انہوں نے پوچھا، وہ گائے کیسی ہو؟ اس کا رنگ کیسا ہو؟ اس کی عمر کیا ہو؟وہ اصل میں حکم سے بھاگنا چاہتے تھے۔ وہ اپنی خواہش کو بچانا چاہتے تھے۔ ان کے دل میں حکم ماننے کی خواہش نہیں تھی، اس لیے وہ سوالوں کے پیچھے چھپ رہے تھے۔
کیا آج ہم بھی یہی نہیں کرتے؟
پردے کو ہی لے لیں ایک پردے کے بارے میں ہی متعدد سوالات لوگ کرتے ہیں مثلاََ کیا پردہ فرض ہے؟ کیا پردہ مردوں کے لئے بھی ہے؟ کیادین میں چہرے کا بھی پردہ ہے؟کیا رشتہ داروں سے بھی پردہ ہے؟پردے کے لیے عبایا ضروری ہے یا چادر ہی کافی ہے؟جب کہا جاتا ہے پردہ کرو، تو ہم کہتے ہیں، پردہ تو دل کا ہوتا ہے۔اس سب سے صاف ظاہر ہوتا کہ ایک حکم کو ماننے کی بجائے ہم سوال پہ سوال شروع کر دیتےہیں۔حالانکہ عقل سلیم کے یہ ہی کافی ہے کہ وقت اور ضرورت کے مطابق خود کو جتنا بہتر طریقے سے ڈھانپا جاسکے ڈھانپا جائے۔اس کے برعکس یہ نفس ہے جو اللہ کے حکم سے بھاگنے کے بہانے بناتا رہتاہے۔اسی طرح جب ہمیں کہا جاتا ہے نماز پڑھو، تو ہم کہتے ہیں، اللہ تو دل کو دیکھتا ہے۔ ۔ جب کہا جاتا ہے سود مت کھاؤ، تو ہم کہتے ہیں، مجبوری ہے، زمانہ ایسا ہے۔ جب کہا جاتا ہے جھوٹ مت بولو، تو ہم کہتے ہیں، سب بولتے ہیں۔ہم بھی بنی اسرائیل کی طرح اللہ کے حکم کے سامنے سوالوں کی دیوار کھڑی کر دیتے ہیں۔ کیوں؟ کیونکہ ہم اپنی خواہش کی تکمیل چاہتے ہیں۔
ہمارے اندر کا بت کیا ہے؟
آئیے آج آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر خود سے پوچھیں۔
مشکل آئے تو ہمارا دل سب سے پہلے کس کی طرف بھاگتا ہے؟ ہمارے ہاتھ دن میں کتنی بار موبائل اٹھاتے ہیں اور کتنی بار قرآن؟ اذان کی آواز پر ہم کتنی بار لبیک کہتے ہیں اور کتنی بار اسے ان سنا کر دیتے ہیں؟ یقین کریں، انہی سوالوں کے جوابوں میں ہمارے اندر کا بت چھپا بیٹھا ہے۔کسی کے لیے اس کا بت اس کا موبائل ہے۔ وہ فجر کی نماز کے لیے نہیں اٹھ سکتا، مگر موبائل کے ایک نوٹیفکیشن پر فوراً اٹھ جاتا ہے۔ اس کے لیے موبائل اللہ کے حکم سے بڑا ہو گیا ہے۔ کسی کے لیے اس کا بت اس کی نوکری یا اس کا کاروبار ہے۔ وہ کہتا ہے، نماز کے لیے وقت نہیں ہے، کام بہت ہے۔ وہ رزق دینے والے کو بھول کر رزق کو ہی اپنا سب کچھ سمجھ بیٹھتا ہے۔کسی کے لیے اس کا بت لوگوں کی باتیں ہیں۔ وہ اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کو راضی کرنے کے بجائے لوگوں کو راضی کرنے کے لیے جیتا ہے۔ ہر قدم پر وہ یہی سوچتا ہے، لوگ کیا کہیں گے؟ اس کے لیے لوگوں کی رائے اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے حکم سے زیادہ اہم ہو گئی ہے۔کسی کے لیے اس کا بت اس کی محبت ہے۔ وہ کسی انسان سے اتنی محبت کرتا ہے کہ اس کے لیے اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کی نافرمانی بھی کر لیتا ہے۔ وہ بھول جاتا ہے کہ جس سے وہ محبت کرتا ہے، اس کا دل بھی تو اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے ہی ہاتھ میں ہے۔ یاد رکھیے، ہر وہ چیز جو آپ کو اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ سے دور کر دے، وہی آپ کے اندر کا بت ہے۔ چاہے وہ دولت ہو، شہرت ہو، محبت ہو، یا آپ کی اپنی خواہش۔ جو چیز بھی اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے حکم سے بڑی ہو جائے، وہی بت بن جاتی ہے۔

جب کوئی راستہ نظر نہیں آتا تو ہم کیا کرتے ہیں؟
بنی اسرائیل جب صحرا میں پھنس گئے، جب انہیں پانی نہیں ملا، جب انہیں کھانا نہیں ملا، تو انہوں نے کیا کیا؟ انہوں نے صبر کرنے کے بجائے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے شکایت کر دی۔ انہوں نے کہا، تم نے ہمیں یہاں لا کر مار دیا۔ ہمیں مصر میں ہی رہنے دیتے۔ وہاں کم از کم کھانا تو ملتا تھا۔وہ اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کی نعمتوں کو بھول گئے اور اپنی تکلیف کو اتنا بڑا بنا لیا کہ انہیں اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کی رحمت نظر ہی نہیں آئی۔آج ہم بھی جب کسی مشکل میں پھنستے ہیں، جب نوکری نہیں ملتی، جب شادی نہیں ہوتی، جب بیماری آتی ہے، جب دعا قبول نہیں ہوتی، تو ہم بھی یہی کہتے ہیں۔ ہم کہتے ہیں، اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ میری کیوں نہیں سنتا؟ میں نے تو اتنی دعائیں کیں۔ سب کو مل گیا، مجھے کیوں نہیں ملا؟ہم بھی بنی اسرائیل کی طرح اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ سے سوال کرنے لگتے ہیں، شکوہ کرنے لگتے ہیں۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ نے ہمیں کتنی نعمتوں سے نوازا ہے۔ ہماری ایک خواہش پوری نہ ہونے پر ہم اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کی ہزار نعمتوں کو بھول جاتے ہیں۔اصل بات یہ ہے کہ جب ہمیں کوئی راستہ نظر نہیں آتا، تو وہی وقت ہے جب ہمیں سب سے زیادہ اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ لیکن ہم اسی وقت سب سے زیادہ گھبرا جاتے ہیں۔یہی وہ لمحہ ہے جب ہمارے اندر کا بت سب سے زیادہ طاقتور ہو جاتا ہے۔
خواہشات کو اللٰہ کے احکام سے اوپر رکھنے کا نقصان
جب ہم اپنی خواہشات کو اللہ کے حکم سے اوپر رکھتے ہیں تو ہمیں وقتی خوشی تو مل جاتی ہے، لیکن دل کا سکون چلا جاتا ہے۔ ہم ہر وقت بے چین رہتے ہیں۔ ہمیں ایک خواہش پوری ہوتی ہے تو دوسری پیدا ہو جاتی ہے۔ ہم کبھی مطمئن نہیں ہوتے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ خواہشات کا پیٹ کبھی نہیں بھرتا۔ آج آپ کو ایک موبائل چاہیے، کل دوسرا چاہیے ہوگا۔ آج آپ کو ایک نوکری چاہیے، کل اس سے بڑی چاہیے ہوگی۔ آپ ساری زندگی خواہشات کے پیچھے بھاگتے رہیں گے اور آخر میں تھک کر بیٹھ جائیں گے۔لیکن جب آپ اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے حکم کو اپنی خواہش سے اوپر رکھتے ہیں تو اللہ آپ کے دل کو سکون دے دیتا ہے۔ آپ کو دنیاّی چیزیں ملیں یا نہ ملیں، آپ مطمئن رہتے ہیں۔ کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ جو اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ نے میرے لیے لکھا ہے، وہی میرے لیے بہترین ہے۔
ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ اپنے اندر کے بت کو کیسے توڑیں؟
پہلا قدم: پہچانیں۔ اپنے آپ سے پوچھیں کہ میری زندگی میں سب سے زیادہ اہم کیا ہے؟ اگر جواب اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے علاوہ کچھ اور ہے تو سمجھ جائیں کہ وہی آپ کا بت ہے۔
دوسرا قدم: اس بت کو توڑیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ دنیا چھوڑ دیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنی خواہش کو اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے حکم کے تابع کر دیں۔ اگر آپ کی خواہش اللٰہ سبحانہ و تعالیٰ کے حکم سے ٹکرا رہی ہے تو خواہش کو چھوڑ دیں، حکم کو نہ چھوڑیں۔
تیسرا قدم: صبر کریں۔ بنی اسرائیل کی سب سے بڑی غلطی بے صبری تھی۔ آپ صبر کریں۔ اللہ کی ذات پر یقین رکھیں۔ وہ آپ کو آپ کی خواہش سے بہتر دے گا۔
چوتھا قدم: سوال کے بجائے شکر کریں۔ جب مشکل آئے تو شکوہ کرنے کے بجائے شکر کریں کہ اللہ نے مجھے اس قابل سمجھا کہ مجھے آزمایا۔ جس نے شکر کرنا سیکھ لیا، اس نے اپنے اندر کے بت کو توڑ دیا۔

آخری بات:
دوستو، بت پرستی صرف پرانی قوموں کی کہانی نہیں ہے۔ یہ ہماری روزمرہ زندگی کی کہانی ہے۔ ہم ہر روز اپنے اندر کے بتوں کے سامنے جھکتے ہیں۔ کبھی ہم دولت کے سامنے جھکتے ہیں، کبھی لوگوں کے سامنے، کبھی اپنی خواہشات کے سامنے۔لیکن یاد رکھیے، جس دن ہم نے اپنے اندر کے بت کو توڑ دیا، اس دن ہم واقعی آزاد ہو جائیں گے۔ اس دن ہمیں پتا چلے گا کہ اصل سکون اللہ کی رضا میں ہے، اپنی خواہشات کو پورا کرنے میں نہیں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے اندر کے بتوں کو پہچاننے اور انہیں توڑنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
-









Comments 0
Sign in to join the conversation.
No comments yet. Be the first to say something.